عید سے قبل لاک ڈاؤن کی باتوں سے تاجر اذیت میں مبتلا ہیں، کاشف چوہدری

July 27, 2020

صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کاشف چوہدری کا کہنا ہے کہ عید سے قبل لاک ڈاؤن کی باتوں نے تاجروں کوشدید تشویش و اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔

کاشف چوہدری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کا کام شوشے اور افواہیں چھوڑنا نہیں مسائل حل کرنا ہونا چاہیے، عید سے قبل دکانیں بند کرنے کی تجویزکسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ حکومت پر امن تاجروں کو کیوں احتجاج کے راستے پر دھکیلنا چاہتی ہے ؟ حکومت کی غلط حکمت عملی و فیصلے کورونا کو پھیلانے کا سبب بن سکتے ہیں۔

صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے کہا کہ عید کے ایام میں کاروبار کے اوقات بڑھاکر ہی رش پر قابو پایا جاسکتا ہے، انہوں نے عید تک 24 گھنٹے دکانیں کھولنے کا مطالبہ بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار بند کروا کرپولیس اور انتظامیہ کی دیہاڑیاں لگوانا چاہتی ہے۔