احسان مانی سمیت پی سی بی کے کئی افسران دہری شہریت کے حامل

July 30, 2020


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں چیئرمین احسان مانی کے ساتھ ساتھ بورڈ کے کئی ممبران دہری شہریت کے حامل ہیں۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی، سی ای او وسیم خان، ڈائریکٹر ندیم خان، وقار یونس اور ثقلین مشتاق کے پاس برطانیہ کی شہریت ہے۔

حکومت میں دہری شہریت کے معاملے پر ہونے والی تنقید کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ بھی دباؤ کا شکار ہوگیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے گورننگ بورڈ کا ہنگامی اجلاس آج ویڈیو لنک پر طلب کرلیا ہے۔

احسان مانی اور وسیم خان سالانہ چھٹیوں پر ہیں اور اس وقت انگلینڈ میں ہی موجود ہیں۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ گورننگ بورڈ کے اس اجلاس کو جلد بلائے جانے کی وجہ سے غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی کے اس اجلاس میں دہری شہریت والوں سے متعلق بھی بات چیت ہوگی۔