شنیرا اکرم پریشان کیوں؟

August 04, 2020

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ اور سماجی کارکن شنیرا اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان میں باصلاحیت نوجوانوں کو نظر انداز کرنا انہیں پریشان کردیتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شنیرا اکرم نے ٹھٹھہ کے نوجوان آصف کی شوق میں بنائی لانگ جمپ کی ویڈیو ٹوئٹر پر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ناقابلِ یقین ہے۔

انہوں نے پاکستان میں موجود ایسے ٹیلنٹ کو سراہا اور لکھا کہ یہ سوچ انہیں شدید پریشان کردیتی ہے کہ پاکستان میں اس طرح کے بےشمار باصلاحیت نوجوانوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔

اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شنیرا نے آصف کی لانگ جمپس کی ویڈیوز شیئر کیں۔

انہوں نے لکھا کہ کیا اس نوجوان میں کرکٹ کا شوق بھی پایا جاتا ہے؟اپنے ایک اور ٹوئٹ میں شنیرا نے لکھا کہ یہ حیرت انگیز ہے۔

اولمپک گولڈ میڈلسٹ کارل لوئیس نے آصف کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بلاخوف جمپ لگانا بہترین سوچ کا عکاس ہے،انہوں نے آصف کو دل کھول کر داد دی۔

اولمپک گولڈ میڈلسٹ کارل لوئیس بھی پاکستانی ہیرو کے فین ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ ٹھٹھہ کے نوجوان کی شوق میں بنائی لانگ جمپ کی ویڈیوز نے دنیا بھر میں لوگوں کو اپنا گرویدہ بنا لیا، آصف 11 موٹر سائیکلوں پر سے ایسے جمپ لگاتا ہے جیسے یہ کوئی چیلنج ہی نہ ہو۔

آصف نہر کو بھی چھلانگ لگا کر پار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوئی تو اولمپیئن بھی مداح ہوگئے۔