بلجیم میں کورونا سے روزانہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 500ہوگئی

August 05, 2020

برسلز (حافظ انیب راشد ) بلجیم میں کورونا وائرس سے روزانہ متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 500 تک پہنچ گئی ہے ۔ یہ بات بلجین فیڈرل ہیلتھ منسٹری کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار میں بتائی گئی ہے۔ ہیلتھ منسٹری کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں یعنی 24 سے 30جولائی تک سامنے آنے مریضوں کی تعداد 3500 کے قریب ہے ۔ جس کے بعد ہم آسانی سے کہہ سکتے ہیں کہ ہمارے ہاں کورونا پازیٹیو کیسسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بتائے گئے حفاظتی اقدامات پر عمل نہ کیا گیا تو یہ سب کو نقصان پہنچائے گا ۔ انہوں نے دہرایا کہ ماسک لازمی پہنیں اور اگر ضروری ہو تو 5 سے زائد افراد سے ملاقات نہ کریں ۔ یاد رہے کہ اس وقت بلجیم کا شہر اینٹورپ نئے مریضوں کے لحاظ سے سب سے آگے ہے ۔ جہاں رات 11 بجے سے صبح 6 بجے تک کا کرفیو نافذ ہے جبکہ دارالحکومت برسلز کی 19 میں سے 16 مقامی میونسپلٹیز بھی مریضوں میں اضافے کے سبب حکومتی واچ لسٹ پر ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی فیڈرل ہیلتھ منسٹری کے ترجمان نے اپنی پریس کانفرنس میں نوجوانوں کو خصوصی طور پر مخاطب کرتے ہوئے مزید سنجیدہ ہونے کی ترغیب دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ اپنے بارے میں نہیں بلکہ اپنے والدین اور اپنے بزرگوں کے متعلق سوچیں جو آپ کی وجہ سے کورونا وائرس کا شکار ہو سکتےہیں ۔