15 سال غیر حاضر رہنے کے بعد نوکری پر کیسے بحال کردیں، سپریم کورٹ

August 05, 2020

اسلام آباد(اے پی پی) سپریم کورٹ نے سابق اے ایس ایف ملازم نجمہ اختر کی ملازمت پر بحالی سے متعلق دائر درخواست خارج کر دی ہے۔ منگل کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سابق ایئر پورٹس سیکورٹی فورس (اے ایس ایف) کی ملازم نجمہ اختر کی ملازمت پر بحالی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ 15 سال غیر حاضر رہنے کے بعد نوکری پر کیسے بحال کر دیں؟ دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ ہائیکورٹ میں آپ نے نوکری پر بحالی کی درخواست واپس لے لی تھی۔ دوران سماعت درخواست گزار نجمہ اختر نے موقف اپنایا کہ ہائیکورٹ سے درخواست واپس نہیں لی، استدعا ہے کہ عدالت عظمیٰ میری مدد کرے۔ دوران سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے ہاتھ میں اب کچھ نہیں ہے، سرکاری نوکری دلانا ہمارا کام نہیں ہے، ہمارا کام قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔ اس دوران جسٹس اعجاز الاحسن نے درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ نوکری کیلئے محکمہ سے رابطہ کریں۔ عدالت عظمیٰ نے سابق اے ایس ایف ملازم نجمہ اختر کی جانب سے ملازمت پر بحالی سے متعلق دائر درخواست خارج کردی ہے۔