میلان میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے تقریب کا انعقاد

August 06, 2020

میلان( نمائندہ جنگ )میلان کے پاکستانی قونصلیٹ میں کشمیریوں کے لیے ایک تقریب کا انعقاد ہوا ۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور پھر قومی ترانہ بجایا گیا ۔شرکا نے بھرپور جوش اور جذبے سے تقریب میں شرکت کی۔تقریب کے مہمان خصوصی قونصلر جنرل منظور چوہدری ،لارڈ نذیراور چوہدری پرویز اقبال لوہسر تھے۔ پروگرام میں ایک پاکستانی بچی مریم ندیم چوہدری نے کشمیری بچوں کے لیے اطالوی زبان میں لکھی ہوئی نظم میلان قونصلیٹ میں سُنائی اور خُوب داد اور دُعائیں وصول کیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےمقررین نے کہا 5 اگست کو مودی حکومت کی طرف سےکشمیر پر غاصبانہ کرفیو کا ایک سال ہو جائے گا۔ افسوس اس بات کا ہے کہ عالمی برادری کی اکثریت کی اس جانب توجہ نہیں ہے۔ مگر ہم پاکستانیوں کےلیے مسئلہ کشمیر ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ بالخصوص اوورسیز پاکستانی دل و جان سے اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔