نالوں پر قبضہ کرنے والوں کے نام جاری کریں گے، وزیراعلیٰ سندھ

August 07, 2020


وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پورے صوبے میں وزراء سڑکوں پرکاموں کا جائزہ لے رہے ہیں، پندرہ روز میں نالوں پر قبضوں اور قبضہ کرنے والوں کے نام جاری کریں گے۔

وزیراعلی سندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارش سے پیدا ہونے والی صورت حال اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کل سے پورے صوبے میں وزراء اور ارکان اسمبلی سڑکوں پر ہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنا ہی این ڈی ایم اے کا کام ہے، تین نالے ہم ہی صاف کررہے تھے لیکن انہوں نے ہماری مدد کی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ مسائل ہیں انہیں حل کرنے میں وقت لگے گا، شہر کے نالوں پر قبضے ہیں، تجاوزات قائم کرنے میں سرپرستی کی گئی ہے، پندرہ روز میں قبضوں کی فہرست اور نام جاری کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ نیب قانون کو بدلنا ہوگا یہ ڈریکونین قوانین ہیں، قانون سے کوئی بالا تر نہیں لیکن ہراساں کرنا مناسب نہیں ہے۔