سرکاری افسروں سے آمدنی اور اثاثوں کی تفصیلات31 اگست تک طلب

August 08, 2020

اسلام آ باد( رانا غلام قادر ) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وفاقی افسروں اور ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ 30جون 2020 کو ختم ہونے والے مالی سال کے اپنے اثاثوں کےگوشوارے 31اگست تک جمع کرائیں گریڈ 18سے 21 کے افسران کے گوشوارے جمع نہ کرانے پر ترقی کے کیسز موخر کر دیےجائینگے ۔

جوائنٹ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سلمان مفتی نے اس ضمن میں آ فس میمورنڈم جاری کر دیا ہے۔

یہ آفس میمورنڈم تمام وزارتوں اور ڈویژنوں ،ایوان صدر ، وزیر اعظم آ فس، صو بائی چیف سیکرٹریوں ، نیب ، وفاقی محتسب سیکر ٹیریٹ ، آڈیٹر جنرل ،اے جی پی آر ، الیکشن کمیشن ، آئی بی اور وفاقی ٹیکس محتسب کو بھیجا گیا ہے۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ سول سرونٹس (کنڈکٹ ) رولز 1964کے تحت اثا ثوں کا ڈیکلریشن جمع کرانا ضروری ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن صرف پا کستان ایڈمنسٹر یٹو سروس ، پولیس سروس ، سیکر ٹیریٹ گروپ اور او ایم جی کے افسروں کے گو شواروں کاریکارڈ رکھتا ہے۔

باقی افسرا ن اپنے اپنے محکمے یا وزارت یا ڈویژن میں جمع کراتے ہیں ۔ سول سرونٹس پروموشن رولز 2019 کے تحت گریڈ 18سے 21 تک کے جو افسران جع گوشوارے جمع نہیں کرائیں گے پروموشن بورڈ ز کے اجلاس میں ان کے ترقی کے کیسز موخر کردیےجائیں گے۔

دوسری وزارتیں 15ستمبر تک ایک سر ٹیفکیٹ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بھجو ائیں گی جس میں بتایا جا ئےگا کہ انہوں نے اپنے تمام ملازمین اور افسروں سے اثاثوں کے گوشوارے حاصل کرلئے ہیں ۔