حکومت نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں پھنسادیا، احسن اقبال

August 08, 2020


مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں پھنسادیا، بتایا جائے راوی منصوبے کے لیے پانچ ہزار ارب کہاں سے آئیں گے؟۔

مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس میں حکومت کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ دیامیر بھاشا ڈیم سمیت کسی قومی منصوبے کےلئے پیسے نہیں ہیں، مگر ریور راوی فرنٹ منصوبہ اربوں ڈالر سے کیسے بنائیں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ آپ لوگوں کو بے وقوف سمجھتے ہیں، بجلی، گیس مہنگی اور تنخواہوں میں کٹوتی کرکے آپ خوشحالی نہیں لا سکتے۔

احسن اقبال نے کہا کہ نیب پی ٹی آئی کا ذیلی ادارہ ہے جس دن چینی چوروں، بی آر ٹی، ادویات اور دوائی بحران کے ذمہ داروں کو پکڑا گیا تو اس دن کہیں گے ہوا کا رخ بدل رہا ہے۔

انہوں نےکہا کہ آپ جھوٹے وعدے اور خواب دکھا کر حکومت میں آئے آپ سے حکومت نہیں چل رہی اس لئے بہتر ہے مستعفی ہو کر گھر واپس چلے جائیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ قائد اعظم کے پاکستان میں عمران خان کا فاشزم نہیں چلنے دیں گے، ن لیگ عوام کے حقوق پر پہرہ دے گی۔