امیگریشن جرائم کے شبہ میں رومانیہ سے تعلق رکھنے والا ڈرائیور گرفتار

August 10, 2020

راچڈیل (نمائندہ جنگ)امیگریشن جرائم کے شبہ میں رومانیہ سے تعلق رکھنے والے 45سالہ ڈرائیور کو برطانوی پولیس نے گرفتار کرلیا،رگبی کے علاقے میں ایم 25پر رومانیہ سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مشکوک نقل وحمل دیکھ کر اسے حراست میں لیا گیا، ایک یوم قبل 235غیر قانونی مہاجرین کو برطانیہ میں داخل ہوتے سیکیورٹی فورسز نے تحویل میں لیا، مذکورہ ڈرائیور کو بھی غیر قانونی طریقے سے برطانیہ میں داخل ہونے کے شبہ میں گرفتار کیا گیا، جس سے تحقیقات جاری ہیں، ایسیکس پویس کے ترجمان کے مطابق انہیں گزشتہ روز رات گئے فون پر اطلاع موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ کچھ لوگ ایم 25پر ایک لاری ٹریلر سے نکل رہے ہیں، جس پر لاری ڈرائیور کیخلاف فوری ایکشن لیا گیا، پولیس کے مطابق تفتیش کے ابتدائی مراحل میں یہ طے کرنا مشکل ہے کہ لاری برطانیہ میں کس مقام سے داخل ہوئی، یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال ایسیکس میں ایک لاری ٹرک سے 39ویت نامی شہریوں کی نعشیں برآمد کی گئی تھیں، جن میں 10نوعمر بھی شامل تھے ‘ چانسلر رشی سنک نے برطانیہ میں غیر قانونی مہاجرین کی آمد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا بحران کے دوران ابتک غیر قانونی طریقے سے 235افراد کا ایک ساتھ برطانیہ میں داخل ہونا سب سے بڑی تعداد ہے۔ فرانس سے کشتیوں کے ذریعے برطانیہ آنیوالے غیر قانونی مہاجرین کی واپسی کیلئے اقدامات بہتر بنا رہے ہیں، برطانیہ میں آنیوالے افراد کی تعداد رواں سال کے مقابلے 2019میں آدھی تھی، یہ امر قابل ذکر ہے کہ سمندر ی راستے سے فرانس کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر غیر قانونی مہاجرین کی آمدکا سلسلہ جاری ہے جسے برطانیہ کی رائل نیوی فورس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے ناکام بنا رہے ہیں، اس سلسلہ میں سیکرٹری داخلہ پریتی پٹیل نے اپنے ہم منصب سے ملاقات بھی کی اور فرانس کیساتھ مشترکہ طور پر صورتحال کنٹرول کرنے پر اتفاق کیا تاہم اس صورتحال کو بہتر بنانے میں ناکامی نظرآ رہی ہے۔