موسیقار پروڈیوسر ڈیٹیل 5 خواتین کا ریپ کرنے کے الزام میں گرفتار

August 10, 2020

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)ایوارڈ یافتہ امریکی موسیقار پروڈیوسر 41سالہ نول فشر المعروف ڈیٹیل کو کم از کم 5خواتین کے ’ریپ’ اور ایک خاتون کے جنسی استحصال کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔میڈیاکے مطابق ڈیٹیل کو5 اگست کو گرفتار کیا گیا تھا۔ڈیٹیل کی گرفتاری کے حوالے سے امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے اٹارنی جنرل کے دفتر سے جاری بیان میں میوزک پروڈیوسر کی گرفتاری کی تصدیق کردی گئی۔بیان میں تصدیق کی گئی کہ ڈیٹیل پر 5 خواتین کے ’ریپ’ اور چھٹی خاتون کے جنسی استحصال کے الزامات ہیں۔بیان میں وضاحت کی گئی کہ ڈیٹیل پر جن خواتین کے ریپ’ اور جنسی استحصال کے الزامات ہیں ان کی عمریں 18 سے 31برس کے درمیان ہیں اور ان کے ساتھ 2010 سے2018کے درمیان یہ واقعات پیش آئے۔اٹارنی جنرل کے دفتر کے مطابق تمام واقعات پروڈیوسر کی رہائش گاہ پر ہوئے اور اگر ان پر الزامات ثابت ہوگئے تو انہیں225سال کی سزا ہوسکتی ہے۔ برطانوی اخبار دی گارجین نے بتایا کہ ڈیٹیل پر مجموعی طور پر15خواتین کی جانب سے ریپ اور جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے گئے ہیں۔