ڈاؤ اوجھا کیمپس میں فزیکل تھراپی کا شعبہ قائم کرنے کا فیصلہ

August 10, 2020

کراچی( سید محمد عسکری) ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی نے سندھ حکومت کی جانب سے ایکٹ کےذریعے انسٹی ٹیوٹ آف فزیکل تھراپی اینڈ ری ہیبلیٹیشن کو علیحدہ کر کے خود مختار حیثیت دینے کے بعد اوجھا کیمپس میں فزیکل تھراپی اینڈ ری ہیبلیٹیشن کا شعبہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی منظوری ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی سینڈیکیٹ کے اجلاس میں دی گئی ہے ۔ یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں انسٹی ٹیوٹ آف فزیکل تھراپی اینڈ ری ہیبلیٹیشن کو صوبائ اسمبلی میں بل منظور کرا کے ڈاؤ سے الگ کردیا تھا۔ اس سے قبل سابق وزیر اعلی سندھ عبداللہ شاہ کے دور 1994 میں آئی بی اے کراچی کو اس وقت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالوہاب نے وائس چانسلر ڈاکٹر ارتفاق علی سے اختلافات کے باعث الگ کرا دیا تھا چند ماہ بعد ڈاکٹر عبدالوہاب خود جامعہ کراچی کے وائس چانسلر مقرر ہوگئے تھے اور پھر وہ ہمیشہ آئی بی اے کو جامعہ کراچی سے علیحدہ کرنے پر افسوس کرتے رہے تھے۔ ڈاؤ سے الگ کیئے جانے والے انسٹی ٹیوٹ آف فزیکل تھراپی اینڈ ری ہیبلیٹیشن کی سربراہ ڈاکٹر نبیلہ سومرو نے کہا ہے ڈاؤ نے گزشتہ ماہ اچانک انسٹی ٹیوٹ کی تنخواہ بند کردی تھی جس کی وجہ سے عید پر 280 ملازمین کو تنخواہیں نہیں مل سکی تھیں جس پر ہنگامی طور پر وزیر اعلیٰ سندھ سے رابطہ کیا تو انھوں نے تنخواہوں کے اجراء کے احکامات جاری کرائے، اب رقم جاری کردی گئی ہے ایک ہفتے میں ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی شروع کردی جائے گی۔