نیلم جہلم پاور پراجیکٹ نے نیشنل گرڈ کو 10 ارب یونٹ بجلی دینے کا سنگ میل عبور کر لیا

August 10, 2020

نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ نے ایک اور اہم ہدف حاصل کرتے ہوئے آج نیشنل گرڈ کو 10 ارب یونٹ بجلی مہیا کرنے کا سنگ میل عبور کر لیا۔

واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے ترجمان کے مطابق نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ نے اب تک نیشنل گرڈ کو مجموعی طور پر 10 ارب یونٹ پن بجلی مہیا کی ہے۔

انھوں نےبتایا کہ پلانٹ سے پیدا ہونے والی اس بجلی کی بدولت 120 ارب روپے کی آمدنی حاصل ہو چکی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ اپنے مؤثر آپریشن کی بدولت ڈیزائن میں متعین سالانہ پیداوار سے بھی زیادہ بجلی پیدا کر رہا ہے۔

مالی سال 20-2019 کے دوران پلانٹ سے بجلی کی پیداوار کا ہدف 4 ارب 66 کروڑ یونٹ تھا۔

تاہم اس دوران پلانٹ سے نیشنل گرڈ کو 4 ارب 84 کروڑ 30 لاکھ یونٹ بجلی فراہم کی گئی۔

ترجمان کے مطابق پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ سے اپریل 2018ء میں بجلی کی پیداوار شروع ہوئی تھی۔