نہری پانی چوری ہوتا ہے، وزیر آبپاشی پنجاب کا اعتراف

August 10, 2020

وزیرِ آبپاشی پنجاب محسن لغاری نے نہری پانی چوری ہونے کا اعتراف کیا ہے، اُن کا کہنا ہے کہ عادی مجرم ہمیشہ نہری پانی چوری کرتے ہیں اور پھر بڑی بڑی سفارشیں کروا کر بچ جاتے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر آب پاشی محسن لغاری نے انگریزی میں جواب دیا تو پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی چودھری مسعود کا کہنا تھا کہ یہ انگریزی بول کر اپنے آپ کو پڑھے لکھے اور ہمیں جاہل ثابت کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر آب پاشی کا کہنا تھا کہ عادی مجرم ہمیشہ نہری پانی چوری کرتے ہیں، پھر بڑی بڑی سفارشیں کرا کے بچ جاتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حکومت نے ان پانی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نہروں کے اطراف زمینیں لیز پر دیں گے۔

ایوان نے قائدِ اعظم محمد علی جناح کی پہلی دستور سازی اسمبلی کی تقریر کو پنجاب میں نصاب کا حصہ بنانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔

ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔