پرامن محرم الحرام کیلئے فول پروف سیکورٹی اقدامات کی ہدایت

August 12, 2020

پشاور(نیوزڈیسک)انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبہ بھر میں کویڈ19- کے حفاظتی تدابیر کے ساتھ فول پروف سیکورٹی اقدامات کے ذریعے پُرامن محرم الحرام کو ہر صورت میں یقینی بنائیں۔ یہ ہدایات نہوں نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں صوبے میں محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں ویڈیو لنک پر ایک تفصیلی بریفنگ لینے کے بعد جاری کیں۔ ایڈیشنل آئی جی پی ہیڈ کوارٹرز ، ڈی آئی جی سپیشل برانچ ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ،اے آئی جی آپریشنزبھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ تمام ریجنل پولیس آفسروں نے بذ ریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز نے محرم سے پہلے ، محرم کے دوران اور محرم کے بعد کی صورتحال اور اُٹھائے جانے والے اقدامات اور ماتمی جلوسوں، مجالس اور پولیس کی نفری کی تعیناتی جبکہ ڈی آئی جی سپیشل برانچ نے محرم الحرام کو پُر امن طور پر منانے کے لیے درپیش چیلنجوں کے بارے میںنقشوں اور چارٹوں کے ذریعے بریفنگ دی۔ ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران صوبے میں امن و امان کی عمومی صورتحال کے ساتھ ساتھ محرم الحرام کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ تمام ریجنل پولیس افسروں نے پولیس سربراہ کو اپنے اپنے ریجن میں محرم الحرام کے حوالے سے جلوسوں اور سیکورٹی انتظامات اور درکار نفری اور وسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔آئی جی پی نے ویڈیو لنک کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر امن وامان کے قیام کے لئے پولیس فرنٹ فورس کے طور پر فرائض سرانجام دے گی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ فرقہ ورانہ ہم آہنگی اور مذہبی بھائی چارے کے قیام اور شرپسند وں پر کڑی نظر رکھنے کے لئے ٹھوس اور موثر اقدامات کے ذریعے فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنائیں۔ اعلیٰ پولیس حکام کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے ریجن میںامن کمیٹیوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے درپیش مسائل ومشکلات کی نشاندہی اور اُن کے حل کے لئے لائحہ عمل مرتب کریں۔ شرکاء کو ہدایت کی گئی کہ وہ حسب روایت جلوسوں کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔ ریجنل پولیس افسروں کو تمام ماتمی جلوسوں کی ویڈیو ریکارڈنگ کرانے اور اشتعال انگیز تقاریر کرنے اور نفرت پھیلانے والے لٹریچر کی تقسیم کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لانے کی بھی ہدایت کی گئی ۔ پولیس حکام کو پولیس جوانوں کو ڈیوٹی پر بھیجوانے سے قبل تفصیلی بریفنگ دینے اور اُن میں اپنے فرائض سے بطریق احسن ادائیگی کا جذبہ پیدا کرنے کی بھی ہدایت کی۔ریجنل پولیس افسروں کو اپنے اپنے ریجن میں انتہائی حساس اور حساس اضلاع پر مسلسل خصوصی فوکس رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ آئی جی پی خیبر پختونخوا نے تمام ریجنل پولیس آفسروں کو دیگر سیکورٹی اداروں اورانٹیلی جنس ایجنسیوں سے مسلسل رابطے میں رہنے کی بھی ہدایت کی۔واضح رہے کہ صوبہ بھر میں محرم الحرام کے حوالے سے 8اضلاع بشمول پشاور ،کوہاٹ، ہنگو، کرم، اورکزئی، ڈی آئی خان، ٹانک اور ہری پور کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ صوبہ بھر میں نکالے جانے والے چھوٹے بڑے 583ماتمی جلوس اور 6041 مجالس کے لیے پولیس کی تقریباً 34ہزار نفری ڈیوٹی پر مامور ہوگی۔