سفارت خانہ پاکستان میڈرڈ اور بارسلونا میں تقریب پرچم کشائی

August 14, 2020

سفارت خانہ پاکستان میڈرڈ اور قونصل خانہ بارسلونا میں یوم آزادی پر پرچم کشائی کی تقریب ہوئی، جس میں کورونا وائرس کی وجہ سے ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے کم تعداد میں پاکستانیوں کو مدعو کیا گیا تھا۔

سفیر پاکستان خیام اکبر نے قومی ترانے کی گونج میں پاکستانی پرچم فضاء میں بلند کیا جبکہ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا میں مشن آفیسر محمد یوسف نے پرچم کشائی کی۔

اس موقع پر سفیر پاکستان نے وزیر اعظم پاکستان اور عمیر علی (فرسٹ سیکرٹری) نے صدر پاکستان کا یوم آزادی کے حوالے سے بھیجا گیا پیغام پڑھ کر سنایا، جبکہ ہیڈ آف چانسلری دانش محمود نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔

سفارت خانہ اور قونصل خانہ میں ہونے والی دونوں تقریبات کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔

سفیر پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے اقوام متحدہ اور دُنیا کی بڑی طاقتوں سے کہا کہ وہ کشمیریوں کو اُن کا حق خود ارادیت دلانے کے لئے بھارت کو مجبور کریں اور اُس کے ساتھ ثقافتی اور سفارتی تعلقات منقطع کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادی ہر انسان کا بنیادی حق ہے لیکن بھارتی افواج کئی دہائیوں سے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ ڈھا رہی ہے، بے گناہوں کے خون سے ہاتھ رنگے جا رہے ہیں، عزتیں پامال کی جارہی ہیں اور بے گناہ نوجوانوں کو پابند سلاسل کیا جا رہا ہے۔

سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے مکین بھی پاکستان کا یوم آزادی پاکستانیوں کے ساتھ مل کر منائیں گے اور وہی دن آزادی کا دن ہوگا۔ جس کا سب سے بڑا ثبوت حکومت پاکستان کا پیش کیا گیا نیا نقشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے جس جوانمردی سے کووڈ 19کا مقابلہ کیا اور لاک ڈاؤن میں ایک دوسرے کی مدد کی اُس کی مثال نہیں ملتی۔ سفارت خانہ پاکستان میڈرڈ میں کورونا وائرس اور آج بارسلونا میں ہونے والی آتشزدگی کی وجہ سے وفات پانے والوں کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دُعا کی گئی۔

سفیر پاکستان نے اس موقع پر جنگ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج یوم آزادی کے دن تین پاکستانیوں کی ہلاکت نے ہم سب کو افسردہ کر دیا ہے ہم ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے رابطے میں ہیں اور انہیں ہر طرح کے تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔