مختلف سیاسی، مذہبی جماعتوں، تنظیموں کے تحت تقریبات، ریلیاں نکالی گئیں

August 15, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کے 73واں یوم آزادی پر مخنلف سیاسی ، مذہبی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں،تفصیلات کے مطابق14اگست کی سہ پہر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے رابطہ کمیٹی نے ہمراہ مرکز بہادرآباد پر قومی پرچم لہرایااس موقع پر ملک کی ترقی،خوشحالی اور امن و امان کیلئے دعائیں کی گئیں،گزشتہ شب بارہ بجے کے بعد کراچی کے 27 ٹائونز،اندرون سندھ کے تمام زونوںز کے زیر اہتمام آزادی کا جشن منایا گیا اس موقع پر کیک کاٹے گئے، آتش بازی کے شاندار مظاہرے کیئے گئے، جبکہ کراچی کے27 اور اندرون سندھ کے درجنوں مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے تھے جس پر مسلسل ملی نغمے اور ایم کیو ایم پاکستان کے ترانے بجائے جا رہے تھے،نوجوانوں نے ملی نغموں اور ایم کیو ایم پاکستان کے ترانوں پر رقص بھی کیا،دریں اثناء آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام کیک کاٹنے کی تقریب منعقد کی گئی اور شہر بھر میں ریلیاں نکالی گئیں جس میں طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جماعت اسلامی کے تحت 13اور 14اگست کی درمیانی شب،5اگست کوگلشن اقبال میں کشمیر ریلی پر بم حملے اور ایک کارکن رفیق تنولی کی شہادت کے مقام پر قومی پرچم لہرایا گیا،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے پرجوش نعروں کی گونج میں ایک کم سن بچے کے ہمراہ پرچم کشائی کی،رات 12بجتے ہی تمام شرکاء نے اجتماعی طور پر قومی ترانہ پڑھا اور نوجوانوں کی جانب سے آتش بازی بھی کی گئی،جماعت اسلامی اور جے آئی یوتھ کے نوجوانوں سمیت گلشن اقبال کے عوام نے بھی بڑی تعداد میں اپنی فیملی کے ہمراہ شرکت کی،جن میں خواتین،بچے اور بزرگ بھی شامل تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کلمہ لاالہ الااللہ کی بنیاد اور اسلامی نظام کے قیام کے لیے حاصل کیا گیا تھا اور اس ملک کے استحکام،بقااو رپورے ملک کو جوڑنے والی طاقت اور قوت صرف اسلام ہی ہے، کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، پاکستان سنی تحریک کے تحت نکالی گئی وفائے پاکستان ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ عوام نے یوم آزادی مناکر ملک دشمنوں اور دہشتگردوں کی دھمکیوں کا جواب دے دیا ہے،دہشتگردوں سے خوفزدہ ہونیوالے نہیں ملک کیلئے جان قربان کردینگے،پاک سرزمین پارٹی کے کے تحت 5 اسٹار چورنگی پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 1947 میں انگریز چلے گئے لیکن ہم 73 برسوں سے اب بھی غلامی کی زندگی بسر کر رہے ہیں ہمارے سیاستدان اپنے مفادات کے لیے ان پر قابض ہیں، ملک ایسے نہیں چل سکتا، ایک نئے سماجی و سیاسی آڈر کی ضرورت ہے،،ہمارا ریاست سے کوئی اختلاف نہیں آخری سانسوں تک اس کے وفادار رہیں گے،ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان ان نااہل حکمرانوں کے لئے حاصل نہیں کیا جن کی وجہ سے بچے، بزرگ اور نوجوان مر رہے ہیں، بھوک افلاس کا ڈیرہ ہے،تعلیم، روزگار، علاج کے دروازے بند ہیں انفرااسٹرکچر تباہ اور شہر کچرے کے ڈھیر بن چکے ہیں، تقریب میں خواتین، بزرگوں، بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی،علاوہ ازیں مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالی گئیں جو فائیو اسٹار پر اختتام پذیر ہوئیں۔