ساہیوال: 3 سالہ مغوی بچہ بازیاب، ملزم گرفتار

August 15, 2020

ساہیوال میں پولیس نے تین سالہ مغوی بچے کو بازیاب کرا کر ملزم کو گرفتار کر لیاہے، ملزم بچے کے والد کے پاس بطور رکشہ ڈرائیور ملازم تھا۔

پولیس کے مطابق چک 141 نائن ایل کے رہائشی سبحان کے3 سالہ بیٹے رہبر کو اس کے رکشہ ڈرائیور ملازم سلمان نے اغوا کیا اور رکشے سمیت فرار ہو گیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر لیا اور مغوی بچہ اور رکشا بھی برآمد کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ مغوی بچے کی والدہ سے شادی کرنا چاہتا تھا، اسی مقصد کے لیے اس نے بچے کو اغوا کیا تاکہ بلیک میل کر کے شادی کر سکے۔