سوشانت کی بہن کاکنگنا کو مضبوط رہنے کا مشورہ

August 25, 2020

آنجہانی سوشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویتا نے بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کو سوشانت کے لیے آواز اُٹھانے پر مشکلات سے لڑنے اور مضبوط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

بھارتی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کے بعد کنگنا رناوت نے سوشانت کی خودکشی کو قتل قرار دے کر اُن کے حق میں سب سے پہلے آواز اٹھائی اور بھارتی انڈسٹری میں اقربا پروری کے خلاف بات کی تھی۔

اس دوران کنگنارناوت کے خلاف بھی انڈسٹری کی متعدد معروف شخصیات آواز اٹھا رہی ہیں اور کنگنا کے خلاف ہو گئی ہیں، کنگنا کے خلاف انڈسٹری اور میڈیا میں افواہیں بھی پھیلائی جا رہی ہیں ۔

سوشانت سنگھ کے خاندانی وکیل سے متعلق بھی افواہیں پھیلائی گئی کہ انہوں نے کہا ہے کہ کنگنا رناوت سوشانت کے حق میں بات کرنے کے بجائے اپنے ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں ۔

حال ہی میں سوشانت سنگھ کی بہن شویتا سنگھ کی جانب سے اپنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں سوشانت سنگھ کے وکیل ایک بھارتی نجی چینل کو انٹرویو کے دوران افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ اُنہیں کنگنا رناوت سے کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔

شویتا سنگھ کی بہن نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ساتھ میں لکھا ہے کہ ’ وہ اپنے بھائی کے حق میں لڑنے والے ہر ایک فرد کو سلام پیش کرتی ہیں، سوشانت کے حق میں بولنے والے سب ہی افراد اصل میں ہیرو ہیں، یہی وقت ہے کہ ہم سب آپس میں صحیح مقصد کے لیے متحد رہیں ۔‘

کنگنا کی جانب سے شویتا سنگھ کی اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا گیا جس میں انہوں نے شویتا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’ آ پ کے حوصلہ افزا لفظوں کے لیے بہت شکریہ، مشتبہ افراد دن بہ دن مزید سازشیں کررہے ہیں۔‘

کنگنا کا شویتا کو مزید کہنا تھا کہ ’اُن کے خلاف تمام افواہوں کو ناکام بنانے کا بے حد شکریہ۔‘

دوسری جانب سے شویتا سنگھ نے بھی ٹوئٹر پر کنگنا رناوت کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’مظبوط رہو اور سوشانت سنگھ کے لیے لڑتی رہو۔‘