ابتک جو کیا اس پر کوئی افسوس نہیں، سنتھیارچی

September 01, 2020

پیپلز پارٹی کی قیادت اور سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک پر الزامات لگانے والی امریکی خاتون سنتھیا رچی نے کہا ہے کہ میں نے اب تک جو بھی کیا اس پر کوئی افسوس نہیں ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سنتھیارچی نے کہا کہ جو کچھ بھی کیا ہے اس پر اب تک قائم ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں قانون کی پابند ہوں، اس سے زیادہ کچھ نہیں کہنا چاہتی۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکی شہری سنتھیارچی کو ملک بدر کرنےکی درخواست کی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کیس کی سماعت کی اور سیکریٹری داخلہ سے ملک کی ویزا پالیسی طلب کرلی۔

سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ بزنس ویزے کا تقاضا ہے کہ سیاسی بیانات نہ دیے جائیں۔

عدالت نے مزید کہا کہ سیکرٹری داخلہ کو بزنس ویزا کے قواعد نہیں معلوم تو یہ بات تشویشناک ہے۔

عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ کیا کل کوئی بزنس ویزے پر آکر وزیراعظم کے خلاف ایسے بیان بازی بھی کرسکتا ہے؟

عدالتی کارروائی کے دوران سنتھیا کے وکیل نے آئندہ ایسے بیانات نہ دینے کی یقین دہانی کروادی۔