آپ بے شرموں کو شرمندہ نہیں کرسکتے، انوشے اشرف کی حکام بالا پر تنقید

September 02, 2020

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ انوشے اشرف کا کہنا ہے کہ آپ زندگی میں بہت کچھ کرسکتے ہیں مگر ایک کام نہیں کرسکتے اور وہ کام یہ کہ آپ بے شرموں کو شرمندہ نہیں کرسکتے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں کراچی کے حالات کو بیان کرتے ہوئے انوشے اشرف نے کہا کہ اس مشکل صورتحال سے گزرنے کے باوجود حکومت میں سے کسی ایک نے بھی استعفیٰ نہیں دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر طوفانی بارشوں کے بعد کراچی کے متعدد علاقوں میں پیدا ہونے والی صورتحال پر انوشے اشرف حکام بالا پر شدید تنقید کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔کراچی کے شہریوں کو پُرامن احتجاج میں بھرپور شرکت کی دعوت دیتے ہوئے انوشے اشرف نے کہا کہ اگر آپ کراچی کو اپنا گھر مانتے ہیں تو شہر کی بہتری کیلئے اپنی شرکت یقینی بنائیں۔