قائمہ کمیٹی:خواتین ہراسگی ، قیدی خواتین و بچوں کی فنڈز تفصیلات سمیت 4 بل منظور

September 09, 2020

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی کی ذیلی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے دفاتر اور کام کرنے والے اداروں میں خواتین کو ہراساں کئے جانے ، وفاقی دارالحکومت میں جنسی استحصال کا شکار بچوں کے میڈیکل و دیگر مقامات پر منتقلی مردوں کے ذریعہ کئے جانے کیخلاف اور قیدی خواتین و بچوں سے متعلق فنڈز کی تفصیلات پر مشتمل بل سمیت چاربلوں کی منظوری دیدی ہے۔ گزشتہ روز رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے بطور کنوینئر سب کمیٹی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ممبر خاتون مہرین رزاق اور بل موورز رکن اسمبلی امجد علی خان ، عظمیٰ ریاض اور نفیسہ شاہ نے شرکت کی۔ خواتین کو ہراساں کرنے سے متعلق بل پیش کرتے ہوئے امجد علی خان نے بتایا کہ اکثر ایسی شکایات موصول ہوتی ہیں کہ دفاتر ہائے اور دیگر کام کرنے والے مقامات پر خواتین ملازمین کو ہراسا ں کیا جاتا ہے اس حوالے سے قانون تو موجود ہے مگر اس میں ترمیم کر کے ان کی سز ا کے دائرہ کار کو شامل کیا جائے۔وزارت انسانی حقوق کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ اس سے متعلق قانون موجود ہے تاہم اس کو بہتر بنانے کیلئے مشاورت جاری ہے ، بہت جلد اس سے بھی سخت شقیں شامل کرلی جائیں گی۔