ٹرمپ نے وہی کیا جو اچھے لیڈر کرتے ہیں، ترجمان وائٹ ہاؤس

September 10, 2020

امریکا میں وائٹ ہاؤس کی ترجمان مک اینینی کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے عوام سے جھوٹ نہیں بولا، بلکہ وہی کیا جو اچھے لیڈر کرتے ہیں۔

ترجمان وائٹ ہاؤس مک اینینی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے کورونا وباء کے معاملے پر امریکی عوام سے کبھی جھوٹ نہیں بولا۔

مک اینینی کا کہنا تھا کہ صدرٹرمپ نے فروری سے مارچ کے عرصے میں یہی کہا تھا کہ امریکا میں صورتحال قابو میں ہے مگر اس وقت امریکا میں کورونا سے اموات کی تعداد ایک لاکھ 95 ہزار سے زائد ہوچکی ہے ۔

ترجمان وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ امریکامیں 65لاکھ 49 ہزار افراد کورونا سے بیمار، 38لاکھ 45 ہزار صحت یاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے معروف صحافی باب ووڈ وارڈ کو فروری، مارچ میں دیئے گئے تفصیلی انٹرویو میں تسلیم کیا تھا کہ انہوں نے کورونا وباء کا خطرہ جان بوجھ کر کم کرکے ظاہر کیا اور یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کا مقصد افراتفری پھیلنے سے روکنا تھا۔

دوسری جانب امریکا میں ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے ریاست مشی گن میں خطاب کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر کورونا وائرس سے متعلق دھوکا دہی کا الزام عائد کیا ہے۔