بچوں سے زیادتی اور گمشدگی کی روک تھام، سب کو ملکر کام کرنا ہوگا، مرتضیٰ وہاب

September 15, 2020

سندھ حکومت کے ترجمان اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بچوں کے ساتھ زیادتی اور گمشدگی کے گھناؤنے واقعات کی روک تھام کے حوالے سےہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔

سندھ حکومت کے ترجمان نے اپنے ایک اہم ویڈیو بیان میں بچوں کی گمشدگی اور زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے قانون سازی بھی کی گئی ہے۔ بچوں کی گمشدگی اور زیادتی کے واقعات پر سب سے پہلے ون فائیو 15 مددگار پر اطلاع دی جائے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ تھانے جانے سے قبل ون فائیو پر اطلاع سے علاقہ پولیس سمیت دیگر علاقوں کی پولیس بھی متحرک ہوجاتی ہے۔ ون فائیو پر اطلاع سے وائرلیس کے ذریعے تمام پولیس کو ایسے واقعہ کی اطلاع دی جاتی ہے۔ والدین کی شکایت قانونی شکل میں ریکارڈ پر بھی آجاتی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ کسی کے ساتھ اگر ایسا واقعہ پیش آئے تو وہ فوری طور پر 15 مددگار پر اطلاع کرے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے والدین سے اپیل کہ ہم سب ملکر ان گھناؤنے واقعات میں ملوث درندوں کو کیفر کردار تک پہنچا سکتے ہیں۔ آئیے ملکر ان ظالموں کے خلاف آواز بلند کریں اور سندھ حکومت اور سندھ پولیس کے ہاتھ مضبوط کریں۔