وزیر تعلیم سندھ کا تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ،ایس او پیز چیک

September 16, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے منگل کو 6 ماہ کے بعد کھلنے والے تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کیا، صوبائی وزیر نے ڈسٹرکٹ ایسٹ،ساؤتھ اور کیماڑی کے15سے زائد سرکاری اور نجی اسکولز و کالجز کا دورہ کیا اور وہاں تعلیمی اداروں کے کھلنے کے حوالے سے دی گئی ایس او پیز کو چیک کیا، صوبائی وزیر نے اسکولوں اور کالجز میں جن جن طلبہ و طالبات اور اسٹاف کے افراد نے ماسک نہیں پہنے ہوئے تھے انہیں ماسک فراہم کیا اور تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں ان کے مرکزی دفاتر پر ماسک کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات دی، دوسری جانب انہوں نے نجی اسکول میں طالبہ کی ہلاکت کی اطلاع پر فوری طور پر ڈی جی پرائیویٹ اسکول منصوب صدیقی کو سانحہ کی مکمل تحقیقات کے لئے کمیٹی کی تشکیل اور اس کی مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدیت کی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم و محنت سعید غنی نے منگل کو شہر کے مختلف سرکاری و نجی اسکولز و کالجز کا اچانک دورہ کیا اور شروع ہونے والی تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا،صوبائی وزیر نے ان تعلیمی اداروں میں مرکزی دروازوں پر تھرمل گن، سینیٹائزر اور ماسک کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔