امریکا میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ سے بھی زیادہ

September 16, 2020


امریکا میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد دو لاکھ سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس سے سفید فام امریکی نوجوانوں کے مقابلے میں ہسپانوی اور سیاہ فام افرادکئی گنا زیادہ ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکا میں مزید ایک ہزار 158 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس سے امریکا میں ہلاک افراد کی مجموعی تعداد دو لاکھ 158 ہوگئی ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا میں کورونا سے ہلاک بچوں میں سے 75 فیصد کا تعلق اقلیتی کمیونیٹیز سے ہے۔ 67 لاکھ 87 ہزار 121 امریکی اب تک کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 40 لاکھ 61 ہزار افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ اب بھی سوا پچیس لاکھ کیسز فعال ہیں۔

کورونا سے بڑھتی انہی اموات کے سبب امریکا میں انتخابی عمل بری طرح متاثر ہے،ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز دونوں ہی کے نیشنل کنونشن آن لائن منعقد ہوئے اور نومبر میں صدارتی الیکشن میں ووٹنگ کی شرح بھی کورونا وبا کے سبب متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔