میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کیخلاف ملک بھر میں احتجاج

September 16, 2020

ایڈیٹر انچیف جنگ جیو گروپ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

کراچی میں جنگ بلڈنگ کے باہر احتجاج کیا گیا، سینئر صحافی شکیل یامین کانگا، رانا یوسف اور دیگر صحافیوں کے ساتھ مسلم لیگ ن سندھ کےنائب صدر اقبال خاکسر، آل سٹی تاجر اتحاد کے وائس چیئرمین شاکر فینسی، آل پاکستان سومرا برادری کے چیئرمین اور ٹمبر مارکیٹ یونین کےعہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

میر شکیل الرحمن کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف راولپنڈی جنگ بلڈنگ کے سامنے آزادی گلی میں احتجاج کیا گیا۔

احتجاج میں سینئر صحافیوں سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی، مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

لاہور میں ڈیوس روڈ پر جاری احتجاجی کیمپ میں سینئر صحافیوں واصف ناگی، ظہیرانجم، اویس قرنی، فاروق اعوان، محمد شفیق، عزیز شیخ، منور حسین، عبدالوہاب، عاصم حسین، محمد علی، افضل عباس، رومیو جالب اور عائشہ اکرم نےشرکت کی۔

جموں کشمیر انسانی حقوق کمیشن کے چیئرمین ہمایوں زمان مرزا بھی احتجاجی کیمپ میں شریک ہوئے۔

پشاور میں مظاہرہ جنگ، جیو اور دی نیوز کے دفاتر کے سامنے کیا گیا، مظاہرے میں جیو اور جنگ کے صحافیوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔

کوئٹہ میں جنگ بلڈنگ کے باہر ہونے والے مظاہرے میں جنگ اور جیو سے وابستہ صحافیوں اور کارکنوں نے شرکت کی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کی رہائی تک جدوجہد جاری رہے گی۔

میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف بہاولپور اور نواب شاہ میں بھی احتجاج کیا گیا۔