کووڈ ٹیسٹنگ روکنے سےاساتذہ، عملے اور طلباء میں غیر یقینی کیفیت

September 17, 2020

کراچی (سید محمد عسکری / اسٹاف رپورٹر) حکومت کی جانب سے 15؍ ستمبر کو ملک بھر میں تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھول دیے گئے۔ تاہم کورونا وبا کے سبب طلباء، والدین اور عملے میں غیریقینی کیفیت پائی جاتی ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے درس و تدریس کے آغاز سے ایک روز قبل پیر 14؍ ستمبر کو اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کے کووڈ ٹیسٹ کرائے گئے ، تاہم یہ سلسلہ محض چند گھنٹے جاری رہنے کے بعد یکایک روک دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ٹیسٹنگ سینٹرز پر طبی عملے کی کمی اور کٹس کی نایابی کے سبب کئی افراد کے ٹیسٹ نہیں کئے جاسکے، انہیں اگلے روز پھر بلایا گیا لیکن بعد میں مطلع کیا گیا کہ کووڈ ٹیسٹنگ فی الحال روک دی گئی ہے اور تفصیلات سے کسی کو بھی آگاہ نہیں کیا گیا۔ جس افراد کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں انہیں بھی ابھی تک رپورٹ کے نتائج سےآگاہ نہیں کیا گیا، ذرائع کےمطابق یہ صورتحال شکوک کو جنم دے رہی ہے کہ کئی ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف میں کورونا وائرس پایا گیا ہے جس کے بعد حالات کو قابو سے باہر ہونے کے شبے میں مزید ٹیسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ خیال رہے کہ صوبائی مشیر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب گزشتہ ہفتے اپیل کرچکے ہیں کہ وفاقی حکومت چھوٹے بچوں کے تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔