میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کی طرز پر کسٹمز میرین کے قیام کا فیصلہ

September 19, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کو موثر بنانے کے لئے میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کی طرز پرکسٹمزمیرین کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جو گہرے سمندر میں اسمگلرز کے خلاف کارروائی عمل میں لائے گی،کسٹمز ورلڈ بینک کے تعاون سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس ایکیوپمنٹ بھی نصب کر رہا ہے ، اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو اب فروخت کرکے ریونیو حاصل کیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار چیف کلکٹر کسٹمزانفورسمنٹ سیف الدین جونیجو نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر چیف کلکٹر کسٹم اپریزمنٹ ثریا بٹ اور دیگر کسٹمز افسران بھی موجود تھے ، سیف الدین جونیجو نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ہدایت کی روشنی میں منی لانڈرنگ کے خلاف سخت اقدامات کیے جارہے ہیں ،اسمگلنگ کے سدباب کے لیے ہم اپنی کارروائیوں میں تیزی لارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کسٹم میرین گوادر پورٹ پر بھی کارروائی عمل میں لائے گی اور کھلے سمندر میں بھی بآسانی کارروائی کی جاسکے گی، عالمی ادارے بھی اس حوالے سے ہمارے ساتھ تعاون کررہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ایک سال کے دوران مختلف کارروائیوں میں پکڑے گئے آتش بازی کے 3کنٹینر تلف کرنے کے لیے سکیورٹی اداروں کے حوالے کردیئے گئے ہیں ۔