گلبائی فلائی اوور، 2 ٹریلرز کی زد میں آکر ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق

September 19, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلبائی فلائی اوور کے قریب دو ٹریلروں کی زد میں آکر ٹریفک پولیس اہلکار 27 سالہ مسعود احمد ولد عبدالغنی جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق ٹریفک اہلکار اپنی ڈیوٹی انجام دے رہا تھا کہ اس دوران ایک ٹریلر پل سے اور ایک پل کے نیچے سے آیا ،پل سے آنے والا ٹریلر تیزی سے دوسرے ٹریلر سے جا ٹکرایا جسکے نتیجے میں ٹریفک اہلکار دونوں ٹریلروں کی زد میں آ گیا اور جاں بحق ہو گیا ، پولیس کے مطابق ٹریلر کے ڈرائیور کا کہنا ہے کہ اسکے بریک فیل ہو گئے تھے تاہم پولیس اس بات کی تفتیش کر رہی ہے،پولیس نے دونوں ڈرائیوروں حاجی خلیل اوردانش علی کو گرفتار کرلیا ہے ،پولیس نے بتایا کہ متوفی اہلکارمسعود شیرشاہ ٹریفک سیکشن میں تعینات تھا اور سال 2017میں ٹریفک پولیس میں بھرتی ہوا تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق حیدرآباد سے تھا ،دریں اثنا متوفی مسعود احمدکی نمازہ جنازہ پولیس ہیڈ کوارٹرز گارڈن میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں ڈی آئی جی ٹریفک جاوید علی مہر ، کراچی ٹریفک پولیس کے تمام اضلاع کے ایس پیز ، ڈی ایس پیز، سیکشن آفیسرز اور اہلکاروں نے شرکت کی،نماز جنازے کی ادائیگی کے بعد شہید اہلکار کے جسد خاکی کو اسکے آبائی شہر حیدرآباد روانہ کیا گیا۔