بلوچستان: سیکورٹی فورسز کی کارروائی

September 21, 2020

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع آواران میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشتگرد ہلاک کر دیے، اِس دوران اسلحے کا بڑا ذخیرہ اور مواصلاتی آلات برآمد کر لئے گئے جبکہ دہشت گردوں کا خفیہ ٹھکانہ لاجسٹک بیس سمیت تباہ کر دیا گیا۔ یہ پاک فوج کی ایک بڑی کامیابی ہے جو عسکریت پسندوں کے مزید ٹھکانے تلاش کرنے میں مدد دے گی۔ ان میں وہ عناصر بھی شامل ہیں جو آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے دوران فرار ہو کر یہاں آگئے تھے۔ ان لوگوں کو بھارتی خفیہ ادارے را اور علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کی مدد حاصل ہے جو کراچی سمیت دہشتگردی کے کئی دوسرے واقعات میں سیکورٹی اداروں کو مطلوب ہیں۔ پاک فوج، جو یہ ٹھکانے تلاش کرنے میں دن رات مصروف عمل ہے، اب تک کئی کامیابیاں حاصل کر چکی ہے۔ ضلع آواران بلوچستان کے جنوب میں گوادر سے متصل ہے جو کہ سی پیک سمیت جملہ ترقیاتی کاموں کی وجہ سے پاکستان دشمن عناصر کو کھٹکتا ہے۔ اس کے شمال میں خاران اور مغرب میں واقع کیچ کے اضلاع میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ہیں۔ بلوچستان میں درجن سے زائد دہشت گرد تنظیمیں سرگرم عمل ہیں۔ حکومت اور فوج نے صوبے میں مسلح تنظیموں سے وابستہ لوگوں کو قومی دھارے میں لانے کے لئے جو ترغیبات دی ہیں، اس کے نتیجے میں اب تک سیکڑوں دہشت گرد ہتھیار ڈال چکے ہیں مگر کچھ عناصر اب بھی تخریبی کارروائیوں میں مصروف ہیں گو کہ انہیں بعض غیرملکی طاقتوں کی سرپرستی حاصل ہے لیکن یہ افراد کسی بھی طرح اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتے تاہم بہتر ہوگا کہ صوبے میں دہشت گردوں کی سرکوبی کے لئے تیسرے آپریشن پر غور کیا جائے۔