بلوچستان اورفاٹا کے طلباء کیلئے اسکالرشپ بحال کی جائے‘ڈاکٹر نواب بلوچ

September 24, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام بہائوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں بلوچستان اور فاٹا کے طلباءکیلئے اسکالرشپس کی بحالی کیلئے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا شرکاءنے پلے کارڈ اور بینر اٹھارکھے تھے اور نعرے بازی کررہے تھے بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے رہنماء ڈاکٹرنواب بلوچ ودیگر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ بلوچستان تعلیمی حوالے سے زبوں حالی کا شکار ہے جہاں حکومت اورانتظامیہ کی نا اہلی کی وجہ سے طلبا کو مشکلات کا سامنا ہے پنجاب حکومت کی جانب سے بلوچستان کے طلباءکےلئے اسکالرشپس کا اعلان کیا گیا تھا طلباءنے اپنی تعلیمی سرگرمیوں کےلئے پنجاب کا رخ کیا مگر 2018ءمیں بہائوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی انتظامیہ نے اوپن میرٹ پر اسکالرشپ کا خاتمہ کیا اب انہوں نے 2020ءسے کوٹہ پر آئے ہوئے طلباءکیلئے فیس لاگو کرنے کی پالیسی جاری کی ہے اس دوران اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی جانب سے بھی طلباءکے اسکالرشپس کا خاتمہ کیا گیا جو ایک افسوسناک اور طلباءکیلئے باعث تشویش ہے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ اور بلوچ طلباءکے درمیان مذاکرات میں انتظامیہ نے کہاکہ مالی بحران کی وجہ سے اسکالرشپس کا خاتمہ کیاگیا ہے ہم پنجاب ‘ بلوچستان حکومت اورایچ ای سی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بلوچستان اورفاٹا کے طلباءکے مسائل کا جلد حل تلاش کیا جائے تاکہ طلباءاپنی سرگرمیاں برقرار رکھ سکیں۔