منصوبہ آئندہ سال جون2021تک مکمل کرلیا جائے گا، تکمیل سے صوبے کو سالانہ دو ارب روپے کی آمدن حاصل ہوگی

September 24, 2020

پشاور(نیوزڈیسک)وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے توانائی و برقیات حمایت اللہ خان نے ضلع دیرلوئیرمیں زیرتعمیر40.8میگاواٹ کوٹو ہائیڈ روپاورپراجیکٹ کااچانک دورہ کیا اور پراجیکٹ سائٹ پر کام کی رفتارکا جائزہ لیا - مشیر توانائی و برقیات کے ہمراہ سیکرٹری توانائی محمد زبیر خان او چیف ایگزیکٹو آفیسر پیڈو انجنئیر محمد نعیم خان بھی موجودتھے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر سلطان روم اور پراجیکٹ کنسلٹنٹ نے مشیر توانائی و برقیات حمایت اللہ خان کو منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کوٹوپن بجلی کے منصوبے پر تقریباً 85 فیصدکام مکمل کرلیا گیا ہے اوربتایا کہ کوٹو منصوبہ آئندہ سال جون2021 تک مکمل کرلیا جائے گا اس موقع پر مشیر توانائی نے منصوبے کی ٹنل،فوربے اورپین سٹاک سمیت سول ورک کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ حمایت اللہ خان نے کہا کہ 14ارب روپے کے اس منصوبے میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی اور اس منصوبے کی تکمیل سے صوبے کو دو ارب روپے سالانہ کی آمدن ہوگی کسی بھی غیر ضروری تاخیر کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر مشیر توانائی نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنی ٹرانسمشن کمپنی بنانے کی منظوری بھی دے چکی ہے اور توانائی کے شعبے میں مختلف اصلاحات لارہے ہیں تاکہ صوبے میں بجلی کی پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ آمدن بھی حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پختونخوا انرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تمام پراجیکٹ ڈائریکٹرز، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرزکی کارکردگی کا جائزہ لینگے اور کارکردگی کی بنیاد پر سزا اور جزا کا عمل بھی شروع کیا جائے گا۔