حکومت نے 94 دواؤں کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی

September 24, 2020


وفاقی حکومت نے عوام کو مہنگائی کا ڈبل ڈوز دے دیا، 94 دواؤں کی قیمتوں میں 9 سے 262 فیصد تک اضافے کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد بخار، سردرد، امراض قلب، ملیریا، شوگر، گلے میں خراش اور فلو کی دوائیں مہنگی ملیں گی۔

اینٹی بائیوٹکس، پیٹ درد، آنکھ، کان، دانت، منہ، جلد کے امراض، زچگی کے بعد استعمال ہونے والی ادویات سمیت مختلف دواؤں کی قیمتیں بڑھ جائیں گی۔

دوسری طرف یوٹیلٹی اسٹورز پر گھی اور کوکنگ آئل سمیت متعدد اشیا مہنگی کردی گئیں۔

کوکنگ آئل 17 روپے فی لیٹر مہنگا ملے گا، جبکہ گھی کی قیمت میں چار روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

برانڈڈ شیمپو کی قیمت میں 9 روپے سے 20 روپے تک اضافہ کیاگیا ہے، دودھ اور ٹی وائٹنر کی قیمت بھی پانچ روپے تک بڑھ گئی، بچوں کیلئے سیریلز کی قیمت میں 20 سے 38 روپے تک کا اضافہ کیا گیا۔