اپنی شناخت کھوبیٹھی‘آصف شہزاد

September 25, 2020

پشاور ( وقائع نگار) پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور تھیٹر کے باصلاحیت اداکار آصف شہزاد نےکہا ہے کہ بالی ووڈ کی نقالی میں پاکستانی شوبز انڈسٹری اپنی شناخت کھوبیٹھی‘ہر منفی چیز میں بھارت کی پیروی کرنے کی وجہ سے ہم پیچھے رہ گئے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اداکار آصف شہزاد نے کہا کہ پاکستان ٹی وی و فلم انڈسٹری سے وابستہ لوگ ہمیشہ سے ہی بالی ووڈ سے متاثر رہے ہیں، اُن جیسا لگنا اور اُن کا انداز اپنانے کو عزت سمجھتے ہیں ، اُن کے ساتھ کام کرنے کو کسی سعادت سے کم نہیں سمجھتے، پاکستان کا کوئی اداکار/اداکارہ یا گلوکار/گلوکارہ بھارت سے کام کرکے آجائے تو پاکستانی انڈسٹری اُس کے سامنے جھک بلکہ بچھ جاتی ہے، بالی ووڈ کے ستاروں نے ہندی چھوڑ کر انگریزی زبان اپنائی تو اُن کی طرح پاکستان شوبز انڈسٹری نے بھی انگریزی کو کلاس کا درجہ دے دیا ، وہاں بھی مخصوص لوگوں کی اُجارہ داری قائم ہے، یہاں بھی یہی سلسلہ چل رہا ہے، وہاں بھی قابلیت، فن اور جوہر سے زیادہ اقربا پروری، اثر و رسوخ، خوبصورتی اور اے لیڈ کلاس کو اہمیت حاصل ہے اور یہاں بھی یہی سب کیا جاتا ہے، اُن کے کلچر میں ڈانس اور نیم برہنہ لباس ہے، اور یہاں بھی اُسی کو کامیابی تصور کیا جاتا ہے۔