ایڈیشنل ڈائریکٹر ایس ای سی پی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

September 25, 2020

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایس ای سی پی ارسلان ظفر پر ڈیٹا چوری الزامات کی انکوائری کے خلاف دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی، چیف جسٹس اطہرمن اللہ کل ارسلان ظفرکی درخواست پرسماعت کریں گے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر ایس ای سی پی ارسلان ظفر نے انکوائری کمیٹی کی تشکیل اور انکوئری کمیٹی رپورٹ کو عدالت میں چیلنج کیا تھا، ارسلان ظفر کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ انکوائری کمیٹی کی تشکیل کے دوران مجھ سے جونئیر رینک کے افسر کو ممبر بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیٹی نے الزامات کے جواب کیلئے قانونی طور پرجو وقت دینا تھا وہ بھی نہیں دیا گیا، کمیشن کے تحت بننے والی 19 دسمبر کی انکوائری رپورٹ مفروضوں پرمبنی ہے اس لیے انکوائری کمیٹی کی تشکیل کو خلاف قانون قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔


درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انکوائری رپورٹ کی بنا پر بھیجے گئے 22 ستمبرکے شوکاز نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے اور شوکاز نوٹس کو کیس کے فیصلے تک بھی معطل کیا جائے۔

درخواست میں چیئرمین ایس ای سی پی، انکوائری کمیٹی چیئرمین اور آئی ٹی ڈائریکٹر کو فریق بنایا گیا ہے۔