نیشنل شوٹنگ چیمپئن شپ میں آرمی کے شوٹرز چھاگئے

September 26, 2020

27ویں نیشنل شوٹنگ چیمپئن شپ جہلم میں جاری ہے، چیمپئن شپ میں پاک آرمی کے شوٹرز چھا گئے، انفرادی اور ٹیم ایونٹ میں گولڈ میڈل حاصل کرلیا، جبکہ رائفل شوٹنگ میں ایئرفورس کی ٹیم نے ریکارڈ بریک کیا۔

جہلم میں جاری نیشنل شوٹنگ چیمپئن شپ میں پاک آرمی نے 10 میٹر ایئر پسٹل کے انفرادی اور ٹیم ایونٹ میں گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔

پاک آرمی کے گلفام جوزف نے انفرادی کیٹیگری میں گولڈ میڈل حاصل کیا، کلیم اللّٰہ خان سلور میڈل کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، ٹیم ایونٹ میں بھی پاک آرمی نے گولڈ میڈل حاصل کیا، پاک نیوی دوسرے اور ائیرفورس کی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی۔

پاکستان ائیر فورس کی رائفل ٹیم نے پانچ سال بعد پرون رائفل شوٹنگ میں اپنا ہی بنایا ہوا ریکارڈ بریک کردیا، پی اے ایف کے ناصر یاسین، مدرار علی اور شاہد مشتاق نے ریکارڈ بریک کیا۔

50 میٹر پرون رائفل شوٹنگ کے انفرادی مقابلوں میں پاکستان نیوی کے عاقب لطیف گولڈ میڈل کے حقدار ٹھہرے، پاکستان ائیر فورس کے ناصر سلور اور مدرار برانز میڈل حاصل کرسکے ،50 میٹر ٹیم ایونٹ میں پاک ائیر فورس نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔

نیشنل رائفل ایسوسی ایشن کے سیکریٹری رضی احمد کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں پاک آرمی، ائیر فورس ، پاک نیوی ، اے ایس ایف، واپڈا اور اسلام آباد کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جس میں 170 پلیئرز شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے پلیئرز انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کرسکیں گے۔