پی ٹی آئی رہنما نے اپوزیشن احتجاجی تحریک کی حمایت کر دی

September 28, 2020

پشاور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے بزرگ رہنما و سابق امیدوار قومی اسمبلی حاجی احمد زادہ خان آف بٹ خیلہ نے اپوزیشن کی گیارہ سیاسی جماعتوں کی طرف سے حکمرانوں کے خلاف احتجاجی تحریک شرو ع کرنے اور اسلام آباد لانگ مارچ کے فیصلے پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران نے ہٹ دھرمی نااہلی نالائقی سے اپوزیشن اور عوام کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے۔ کنٹینر و انتقامی سیاست کے ذریعے نفرت و انتشار پھیلاکر قوم کے اتحاد کو پارہ پارہ کیا جا رہا ہے۔ حاجی احمد زادہ خان نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے گئے ہیں۔ حکمرانوں کو کرپشن لوٹ کھسوٹ بدعنوانیوں اور عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالنے والی مافیا اور اربوں روپے کی قومی دولت لوٹنے والے قومی مجرموں کی سرپرستی سے ملک بدترین معاشی بحران سے دوچار ہو چکا ہے ملک میں غربت و بے روزگاری بڑھتی جارہی ہے۔ عوام حکمرانوں سے بے زار ہو چکے ہیں اور مہنگائی کے ستائے ہوئے لوگ سڑکوں پر آنے کے لئے تیار ہیں۔ حاجی احمد زادہ خان نے کہا کہ انہوں نے تبدیلی لانے غربت و بے روزگاری اور کرپشن کے خاتمے کے لئے عمران نیازی کا ساتھ دیا لیکن پی ٹی آئی کو سیاسی لٹیروں چوروں و ڈاکوئوں نے ہائی جیک کر لیا ہے۔ لہٰذا وہ اب پی ٹی آئی کے ساتھ مزید نہیں چل سکتے۔