وزیراعظم عمران خان گندم کی درآمد میں تاخیر پر برہم

September 29, 2020

وزیر اعظم عمران خان وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گندم کی درآمد میں تاخیر پر برہم ہوگئے۔

دوران اجلاس وزیراعظم نے کہا کہ گندم کی درآمد میں رکاوٹ برداشت نہیں ہوگی، آٹے کی قیمت کسی صورت بڑھنے نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ گندم اور آٹے کی قیمت عام آدمی کی پہنچ میں لاکر رہیں گے۔

ذرائع کے مطابق دوران اجلاس عمران خان نے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ گندم کی درآمد میں تاخیر کا ذمے دار کون ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ اب تاخیری حربے نہیں چلیں گے، کام کرنا ہوگا۔

اس موقع پر ٹی سی پی حکام نے کابینہ کو بتایا کہ گندم کی درآمد کا ٹینڈر 5 اکتوبر کو کھلے گا۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزراء فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی پرفارمنس پر تنقید کی اور کہا کہ 23 لاکھ ٹیکس دہندگان تو صرف کراچی سمیت ایک صوبے میں ہونا چاہئیں۔

کابینہ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ حکومت نے صرف 4 ارب ڈالر کا قرض لیا جبکہ قرض کی ادائیگی کا وقت زیادہ رکھا گیا ہے اور زیادہ کمرشل قرضے لیے گئے۔