وزیراعلیٰ کی اورنج، ریڈ اور یلو لائن پر کام کی رفتار تیز کرنیکی ہدایت

September 30, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو اورنج لائن منصوبے کا بنیادی ڈھانچہ مکمل کرنے، ریڈ لائن اے ڈی بی کے قرض کو موثر بنانے اور یلو لائن کے ڈیزائن کو حتمی شکل دینے اور کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دے دی ۔

یہ ہدایت انہوں نے منگل کے روز بی آر ٹی سسٹم کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔

اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم ، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شہلوانی ، کمشنر کراچی سہیل راجپوت ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ شائق احمد اور پروجیکٹ کنسلٹنٹس نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ ان کی حکومت نے بی آر ٹی منصوبوں پر کام کی تیاری شروع کردی ہے لہٰذا محکمہ ٹرانسپورٹ کو ان پر کام شروع کرنے کے حوالے سے ایک ٹائم لائن طے کرنا چاہئے،اورنج لائن: اورنج لائن کا نام تبدیل کر کے بی آر ٹی عبد الستار ایدھی کردیا گیا ہے۔

یہ 3.88 کلومیٹر طویل ہے جس میں چار بس اسٹیشن اور ایک بس ٹرمینل صوبائی حکومت نے اپنے وسائل سے 2 ارب 33 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیا ہے۔

اس کا روٹ ٹی ایم اے آفس اورنگی ٹاؤن سے جناح یونیورسٹی برائے خواتین ناظم آباد کراچی تک ہے،میسرز نیسپاک اس منصوبے کا ڈیزائن اور نگرانی کا کنسلٹنٹ ہے۔