گیس وبجلی لوڈشیڈنگ،پیپلزپارٹی کاوفاق کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

September 30, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی نے سوئی گیس اور بجلی کی خود ساختہ لوڈ شیڈنگ کو وفاقی حکومت کی آئین شکنی اورکھلی ناانصافی قراردیتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا ، پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدرصوبائی وزیرسعید غنی و دیگر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی سندھ دشمنی کی وجہ سے کراچی میں لوگ بیروزگارہورہے ہیں ،وفاقی حکومت سندھ کے آئینی حقوق غصب کررہی ہے، سوئی گیس کی 70 فیصد پیداوار دینے والے سندھ کو گیس سے محروم کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے،ایم کیوایم نے ایک وزارت کی خاطرکراچی کے حقوق پرسودے بازی کرلی،بحرانوں پربحرانوں کوجنم دینے والے عمران خان کی حکومت فرشتوں کی حکومت ہے جنہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ،کیا پی ٹی آئی کو مینڈیٹ ملا جو وہ سندھ پرحکمرانی کا خواب دیکھ رہی ہے؟۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے تحت سوئی گیس اوربجلی کی خود ساختہ لوڈ شیڈنگ اوروفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کے عوام، تاجر، کاروباری طبقہ ،صنعت کاروں کے معاشی قتل عام کے خلاف سوئی سدرن گیس ہیڈآفس کراچی کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے سے پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری جنرل وقار مہدی،کراچی کے سیکریٹری جنرل جاوید ناگوری اورصوبائی وزیرشہلارضا نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی وزیرسعید غنی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گیس پیدا کرنے والے سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سوئی گیس کی فراہمی بری طرح متاثرہونے سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ، گیس کی قلت کا بہانہ بنا کر کے الیکٹرک نے 12سے 15گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کرکے کراچی میں صنعتوں کا پہیہ جام کردیا ہے، حکومت گیس کی قیمت بڑھانے کے باوجود عوام کو سہولت فراہم کرنے میں ناکام ہے ۔