محکمہ خوراک کی گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں‘ 16افراد گرفتار

September 30, 2020

پشاور آفتاب عمرپشاور( وقائع نگار) محکمہ خوراک نے گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مزید 16افراد گرفتار کرلئے۔ محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ اور فوڈ انسپکٹر محسن علی شاہ نے پشتخرہ اور اولڈ باڑہ روڈ کے مختلف علاقوں میں اشیائے خوردونوش کے نرخوں سے متعلق آگاہی حاصل کی اور بعد ازاں کارروائیاں کرتے ہوئے سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 16 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف متعلقہ تھانے میں مراسلے جمع کر ادیئے۔ گرفتار افراد میں نانبائی‘ دودھ و دہی فروش‘ سبزی و پھل فروش‘ جنرل سٹور اور بیکری مالکان سمیت قصائی شامل ہیں۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو گرانفروشی کی اجازت نہیں دی جائیگی دکاندار سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور اپنی دکانوں میں سرکاری نرخنامے کو آویزاں کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔