ملک بھر میں پرائمری اسکول کھل گئے

September 30, 2020


کوویڈ 19 کے کیسز میں بتدریج کمی کے بعد تیسرے اور آخری مرحلے میں اسلام آباد ،پنجاب ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بند پرائمری اسکول آج سے کھول دیئے گئے ۔

پہلی سے پانچویں جماعت کے اسکولوں کے کھلنے کے ساتھ ہی پاکستان بھر میں مکمل تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں ۔

بچوں نے مکمل احتیاطی تدابیر کے ساتھ اسکولوں کا رخ کیا، چہروں پر ماسک لگائے اور ہیڈ سینٹائزر ساتھ رکھ کر اسکولوں میں آنے والے بچے تعلیمی سرگرمیاں شروع ہونے اور اپنے کلاس فیلوز سے مل کر خوش ہوئے۔

اسلوک آنے والے بچوں نے چہروں پر ماسک لگائے تھے جبکہ داخلی راستوں پر سماجی فاصلوں کا بھی خیال رکھ رہے تھے، والدین کا کہنا تھا کہ بچے 6 ماہ کے وقفے کے بعد اسکول آنے کے لیئے بہت پرجوش تھے۔

اساتذہ نے کہا کہ بچے چھوٹے ہیں اس لیے ان کا زیادہ خیال رکھ رہے ہیں ، کلاس رومز میں بچوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے بارے میں بھی بتایا جاتا ہے۔

کورونا ایس او پیز کے کلاسز کے سیکشنز کی تعداد کو مختلف دنوں میں تقسیم کیا گیا ہے، احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ سندھ میں 28 ستمبر سے پرائمری اسکولوں میں ایس او پیز کے تحت تدریس کا آغاز ہوچکا ہے۔