پروڈکشن کمپنی کے بھارتی مالک انیل موہن کو کلیئرنس نہ مل سکی

October 01, 2020

کراچی(عبدالماجدبھٹی،اسٹاف رپورٹر) دبئی کی کرکٹ کی ایک پروڈکشن کمپنی کے بھارتی مالک انیل موہن کوحساس اداروں نے سیکورٹی رسک قرار دے کر کلیرنس دینے سے انکار کردیا ہے۔

بھارتی پاسپورٹ رکھنے والےانیل موہن اپنےجنوری میں حاصل کئے گئے ویزہ پرپاکستان آئے تھے اور پاکستان میں حساس مقامات پر پائے گئے تھےجس کے بعد وہ بلیک لسٹ قرار دے دیئے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نو ماہ قبل انیل کو پاکستان کا ملٹی پل ویزہ جاری کیا گیا تھاجس پر وہ کراچی،لاہور،اسلام آباد اور پنڈی جاسکتے تھے ۔

انیل کی کمپنی جو دبئی میں رجسٹرڈ ہے۔اس بار ان کی کمپنی نے پی ٹی وی کے ساتھ کنسورشیم بنایا اور وہ پی ٹی وی کو تکینکی مدد فراہم کررہے تھے لیکن حکومت پاکستان کی جانب سے اعتراض کے بعد پی ٹی وی اپنی بولی سے دستبردار ہوگئی،

پی سی بی ذرائع تصدیق کررہے ہیں کہ حکومت پاکستان کی جانب سے اعتراض کے بعد انیل کی کمپنی پاکستان میں کام نہیں کرسکتی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سال کے آغاز میں پی ایس ایل کی کوریج کے لئے پچاس کے لگ بھگ بھارتی تکنیکی عملہ پاکستان آیا تھا اس بار چند غیر ملکی کے علاوہ تمام عملہ پاکستانی ہے۔

غیر ملکیوں میں برطانیہ،جنوبی افریقا ،زمبابوے،تھائی لینڈ،کے ایک درجن کریو اراکین ہیں۔پی سی بی نے بھی اپنی نگرانی میں ہونے والی پروڈکشن میں بھارتی عملے کو شامل کرنے سے گریز کیا ہے۔

بھارتی کے صف اول کے کریو کے لوگ اس وقت آئی پی ایل کی کوریج کے لئے متحدہ عرب امارات میں ہیں۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ،قائد اعظم ٹرافی اور زمبابوے کی سیریز کے پروڈکشن حقوق359ملین روپے میں جس کمپنی کو دیئے، اس نے ان میچوں کی کوریج کے لئے زیادہ ترپاکستانی تکنیکی عملے کی خدمات حاصل کی ہیں۔

کوریج ٹیم کے ایگزیکٹیو پروڈیوسر جنوبی افریقا کے رینس برگ ہیں۔ملتان میں بدھ سے قومی ٹی ٹوئینٹی ٹورنامنٹ شروع ہوگیا۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بہترین پروڈکشن ٹیم غیر ملکی ڈائریکٹر کی نگرانی میں کام کررہی ہے۔

یہ ڈائریکٹر کرکٹ ورلڈ کپ کا بھی تجربہ رکھتے ہیں۔پی سی بی کے مصدقہ ذرائع اس بات کی تصدیق کررہے ہیں کہ انیل موہن کی کمپنی آئی پی جی، پاکستان کےڈومیسٹک سیزن کی پروڈکشن حقوق کی بڈنگ میں سرکاری ٹی وی سمیت دو کمپنیوں کی شراکت دار تھی۔۔

حیران کن طور پرپی ٹی وی کے کنسورشیم نے257ملین روپے کی پیشکش دینے کے بعد آخری لمحات میں انیل موہن کے مسائل کی وجہ سے اپنی پیشکش سے دستبرداری کا اعلان کردیا تھا۔جبکہ ایک اور کمپنی نے 378ملین روپے میں پروڈکشن حقوق لینے کی پیشکش کی تھی۔اس کمپنی کے ساتھ بھی انیل موہن پارٹنر تھا۔انیل موہن کا نام پاکستان میں کرکٹ حلقوں میں نیا نہیں ہے۔

اس کی پاکستان میں کرکٹ سے وابستہ لوگوں سے دوستیاں ہیں لیکن مشکوک سرگرمیوں کے باعث اسے حکومت پاکستان نے بلیک لسٹ قرار دے دیا تھا۔سری لنکا میں ہونے والی لنکا لیگ میں بھی انیل موہن ، کی کمپنی کرکٹ سری لنکا کا براڈ کاسٹر ہے۔پی ٹی وی ذرائع کا کہنا ہے کہ پراسس میں وقت کی کمی آڑے آئی لیکن انیل موہن کے ساتھ شراکت کے بارے میں تبصرے سے گریز کیا جارہا ہے۔