19فوڈ پوائنٹس سیل، 3 لاکھ 50 ہزارجرمانے، 8 کنال آلودہ پالک تلف

October 07, 2020

ملتان (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈاتھارٹی کی ٹیموں نے 424فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران جعلسازی کرنے اورصفائی کی ابترصورتحال پر 19 فوڈپوائنٹس سربمہر جبکہ 322کو بہتری کیلئے اصلاحی نوٹسز جاری کیے، 3لاکھ 50ہزار500روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔علاوہ ازیں بہاولنگر کے علاقے مدینہ ٹاؤن میں سیوریج کے پانی سے کاشت کی گئی 8 کنال پالک کو ٹریکٹر سے ہل چلاکر تلف کردیا گیا، مجموعی طور پر کی گئی کارروائیوں کے دوران 2051ساشے گٹکا، 100کلو سرخ مرچیں اور 117لیٹرمشروبات اور 30لیٹر آئل برآمد کیاگیا۔ ملتان میں شہباز کریانہ اوربابو پان شاپ، النور آئس اینڈ قلفہ پروڈکشن یونٹ، لودھراں میں ملک چکن بروسٹ، بہاولپور میں شفیع رمضان بیکری، راجن پور میں طلحہ ملک شاپ، بہاولنگرمیں الحمدبرگر پوائنٹ، طارق کریانہ سٹور، لیہ میں اے ون بھٹی سپر سٹور اور عرفان کریانہ سٹور کو سیل کیاگیا۔ 43فوڈپوائنٹس کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر3لاکھ 50ہزار500 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔