فنانشل ماڈل کا مجوزہ مسودہ فانچائزز کے سامنے پیش

October 07, 2020

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پی ایس ایل فرنچائزز کے درمیان فنانشل ماڈل کے حوالے سے اہم اجلاس لاہور میں ہوا۔ پی سی بی نے فنانشل ماڈل کا مجوزہ مسودہ فانچائزز کے سامنے پیش کر دیا۔

پی سی بی اور پاکستان سپر لیگ کی تمام فرنچائزز کے درمیان اجلاس چیئرمین احسان مانی کی زیر صدارت نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ہوا۔

لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے نمائندگان نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ کراچی کنگز، پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایئٹرز کے عہدیداران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔


اجلاس کے اعلامیے کے مطابق ملاقات مثبت رہی، دونوں فریقین نے تمام خدشات کے بارے میں اپنا نقطہ نظر واضح کیا، فرنچائزز کی درخواست پر فنانشل ماڈل کا مجوزہ مسودہ تیار کرکے اجلاس میں پیش کیا گیا۔ فریقین اب مسودے پر اپنی اپنی فنانشل اور آپریشنل ٹیموں سے مشاورت کریں گے۔

کرکٹ بورڈ پراُمید ہے کہ تمام معاملات کا حل باہمی اتفاق سے آئندہ چند ہفتوں میں نکال لیا جائےگا۔

پچھلے دنوں پی ایس ایل ٹیمز مالکان نے لیگ کے فنانشل ماڈل پر اعتراضات کا اظہار کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کرلیا تھا، معاملہ آپس میں مل بیٹھ کر طے کرنے پر اتفاق کی وجہ سے عدالت نے درخواست نمٹادی تھی۔