جامعہ کراچی میں طالبہ کو ہراساں کرنے کے الزام میں 6 نوجوان گرفتار

October 08, 2020

شہر کی سب سے بڑی یونیورسٹی جامعہ کراچی میں آئی بی اے کےطالب علم اور طالبہ کو ہراساں کرنے کے معاملے میں پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے 6 نوجوان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

آئی بی اے کے طالب علم شہیر کا کہنا ہے کہ جامعہ میں رہائش پذیر نوجوانوں نے مجھے اور ساتھ موجود خواتین کو ہراساں کیا اور حملہ کیا۔

طالبعلم نے کہا کہ وہ دو ساتھی طالبات کو ہاسٹل ڈراپ کرنے آیا تھا۔

مقدمہ میں ہراسانی، راستہ روکنے، گالم گلوچ کرنے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

دوسری جانب جامعہ کراچی کے سیکیورٹی ایڈوائزر نے واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی کی حدود میں پیش آئے واقعے پر افسوس ہے۔

جامعہ کراچی کے سیکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر معیز خان نے کہا کہ واقعے میں ملوث لڑکوں کی کل رات ہی نشاندہی کرلی گئی تھی۔

سیکورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر معیز نے کہا کہ متاثرہ افراد کو اُن کی شناخت کرنی ہے، لڑکے کم عمر اور جامعہ کے اسٹاف کے بچے ہیں۔