بیرونی مداخلت سے آرمینیا، آذربائیجان لڑائی عالمی شکل اختیار کرسکتی ہے، فرانس

October 09, 2020

پیرس (این این آئی )فرانس نے خبردار کیا ہے کہ ترکی اور دوسرے ممالک کی طرف سے آرمینیا اور آذر بائیجان کے درمیان جاری لڑائی بین الاقوامی جنگ کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق فرانسیسی وزیرخارجہ جان ایف لوڈریان نے کہا کہ ترکی کی آرمینیا کے متنازع علاقے نوگورنو کارا باخ میں آذر بائیجان کی مدد کرنا اور ان کے اندورنی معاملات میں مداخلت کرنا ناقابل قبول ہے۔ اس طرح کی مداخلت سے دو ملکوں کی جنگ بین الاقوامی لڑائی بھی بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکی کا آذر بائیجان کی عسکری مدد تنازع کو مزید گمبھیر کرنے اور اسے عالمی جنگ کی شکل دینے کا موجب بن سکتی ہے۔خیال رہے کہ ایران کے پڑوس میں آرمینی اکثریتی باشندوں پرمشتمل علاقے نوگورنو کاراباخ میں آذر بائیجان اور آرمینیا کے درمیا ن گذشتہ دو ہفتوں سے لڑائی جاری ہے۔قبل ازیں فرانسیسی صدر امانویل میکروں نے آذر بائیجان کو ترکی کی طرف سے شامی جنگجوؤں کے ذریعے مدد فراہم کرنے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانسیسی انٹیلی جنس کو مصدقہ اطلاعات ملی ہیں کہ ترکی اعلانیہ طور پر آذر بائیجان کی مدد کر رہا ہے۔