اہل سندھ جانتے ہیں اصل نااہل کون ہے، شہباز گل

October 09, 2020


وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام جانتے ہیں کہ اصل نااہل کون ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ کئی دہائیوں سے سندھ پر ڈاکو مسلط ہیں، پیپلز پارٹی نااہل ہونے کے ساتھ ساتھ کرپٹ بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ پاکستان میں سیاحت کو فروغ ملے، بنڈل آئی لینڈ کے معاملے کو ہمیشہ سے سیاست کی نذر کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر شہباز گل نے مزید کہا کہ کورونا وائرس، سیلاب اور کراچی کے کچرے سمیت ہر مسئلے پر پیپلز پارٹی نے سیاست کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے قسم اٹھا رکھی ہے کہ ملکی ترقی کا کوئی کام نہ خود کریں گے اور نہ ہی کرنے دیں گے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ 2 سال میں پی پی کا ملکی مفاد کی کسی بھی قانون سازی میں کردار صفر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان گھبرانے والوں میں سے نہیں ہیں، پی ڈی ایم کی چھتری تلے ٹھگوں کے ٹولے سے تو گھبرانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔