کوئٹہ کراچی مسافر بسیں اسمگلنگ کا بڑا ذریعہ

October 10, 2020

کراچی ( رپورٹ سہیل افضل ) وزیر اعظم کی ہدایت پر کسٹمز کی ملک بھر میں اسمگلنگ کے خلاف کاروائیوں میں تیزی ،کوئٹہ سے کراچی آنے والے مسافر بسیں اسمگلنگ کے سامان کی منتقلی کا ایک بڑا ذریعہ ،کسٹمزکی ایک ٹیم نے ایک روز کی جانچ پڑتال میں 10کروڑسے زائد مالیت کی اسمگل اشیاءضبط کر لیں ، کسٹمز ذرائع کے مطابق مسافر بسوں سےبڑے پیمانے پر آٹوپارٹس،چھالیہ ،کمبل، کپڑا، کراکری، الیکٹرانکس اشیاء، میڈیسن، چائے،ٹائرز، شیمپو، صابن سمیت دیگر مصنوعات برآمد ہو ئی ہیں ، کلکٹر کسٹمزکوئٹہ عرفان جاوید کے مطابق مسافر بسوں کے ذریعے اسمگلنگ کی اطلاعات پر ان کی ایک ٹیم نے ایف سی کے ساتھ مل کرلکپاس چیک پوسٹ پر گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی شروع کی تو حیران کن نتائج سامنے آئے ،کوئٹہ سے کراچی اور دیگر علاقوں کو جانے والی گاڑیوں بسوں سے10کروڑ6لاکھ روپے مالیت کے آٹوپارٹس،چھالیہ ،کمبل،کپڑا،کراکری،الیکٹرانکس اشیاء،دوائیاں،چائے،ٹائرز،شیمپو،صابن سمیت مختلف اشیاءبرآمدہوئیں۔انھوں نے بتایا کہ کوئٹہ کلکٹریٹ نے یکم اکتوبرسے چھ اکتوبر2020کے دوران مختلف کارروائیوں میں 22کروڑ31لاکھ مالیت کی اسمگل اشیاءضبط کیں ،دریں اثنا ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمز انٹیلی اینڈ انوسٹی گیشن حیدرآباد کی ایک ٹیم نے گوٹھ کنڈو خان اور یوسف منگریو ضلع عمرکوٹ میں قائم دو غیر قانونی گوداموں میں چھاپہ مار کر 15کروڑ کروڑ 83لاکھ روپے کی اسمگل شدہ چھالیہ اور انڈین گٹکا ،تمباکو اور سگریٹ برآمد کر کے ضبط کر لیے ہیں ۔